ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ایم سی ڈی الیکشن:ٹکٹوں کی تقسیم سے پہلے کانگریس میں عدم اطمینان ، یوتھ کانگریس نے راہل کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا

ایم سی ڈی الیکشن:ٹکٹوں کی تقسیم سے پہلے کانگریس میں عدم اطمینان ، یوتھ کانگریس نے راہل کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا

Tue, 28 Mar 2017 20:35:22    S.O. News Service

نئی دہلی:28/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایم سی ڈی انتخابات میں کانگریس کے اندرکا عدم اطمینان اب نائب صدر راہل گاندھی کے دروازے تک پہنچ گیا ہے۔دہلی یوتھ کانگریس نے آج راہل گاندھی کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ پارٹی میں ٹکٹ کی تقسیم میں کنبہ پروری کو روکا جائے۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے گھر کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی یوتھ کانگریس کے لیڈر اور کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم سی ڈی الیکشن میں کنبہ پروری کی جگہ نوجوان کارکنوں کو ترجیح دی جائے۔دہلی اسٹیٹ یوتھ کانگریس کے صدر امت ملک نے کہا کہ پارٹی کے اندر کچھ ایسے لوگ ہیں جو اپنے بیٹوں کے لیے ٹکٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں، ایم پی ہیں وہ اپنے بیٹوں کے لیے ٹکٹ مانگ رہے ہیں، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کو نظرانداز کرکے یوتھ کانگریس کے لوگوں کو ٹکٹ دیا جائے۔ویسے پارٹی نے ابھی تک امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن کارکنوں کو لگتا ہے کہ اگر ٹکٹ کا اعلان ہو گیا، تو پھر بعد میں لکیر پیٹنے سے کیا فائدہ۔اسٹیٹ یوتھ کانگریس کے کارکنان نے کہا کہ یوتھ کانگریس مہینوں سے پارٹی میں محنت کر رہے ہیں لیکن آج جب ٹکٹ کی باری آئی ہے تو ہمارے ایم ایل اے، ایم پی پتہ نہیں کیوں ہم سے ناراض ہیں،اس لیے راہل گاندھی کے پاس آئے ہیں کہ وہ ہماری سنیں گے۔اس سے پہلے اتوار کو جب ایسی ہی شکایت راہل گاندھی کے پاس پہنچی تھی، تو انہوں نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن کو طلب بھی کیا۔دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن نے کہا کہ دیکھئے کوئی بھی ٹکٹ کارکنوں سے پوچھ کر ہی دیا جائے گا۔صورت حال یہ ہے کہ درخواست گزار زیادہ ہیں اور ٹکٹ صرف 272ہی دیئے جا سکتے ہیں۔قابل ذکرہے کہ کانگریس پہلے ہی کمزور حالت میں ہے، 15سال دہلی میں حکومت  کرنے کے بعد گزشتہ دو اسمبلی اور ایک لوک سبھا انتخابات میں وہ بری طرح شکست سے دوچار ہو چکی ہے،ایسے میں کارکنوں کا یہ احتجاج ان کے لیے بڑی تشویشناک بات ہے۔


Share: